ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / شری رام سینا کے تعلقہ صدر جینت کو تڑی پار کرنے کے اسباب

شری رام سینا کے تعلقہ صدر جینت کو تڑی پار کرنے کے اسباب

Sun, 04 Sep 2016 12:47:14    S.O. News Service

بھٹکل 4؍ستمبر (ایس او نیوز)مرڈیشور سونار کیری کے ساکن شری رام سینا کے تعلقہ صدر جینت نائک کو ضلع پولیس کی سفارش پر ڈپٹی کمشنر نے شہر بدر(تڑی پار) کرنے کے جو احکامات جاری کیے ہیں ، اس کی نقل ساحل آن لائن کو دستیاب ہوئی ہے۔ پانچ صفحات پر مشتمل اس حکم نامے کے مطالعے سے معلوم ہوتا ہے کہ جینت گووندا نائک کو ماضی میں متعدد بار پولیس نے سماجی امن و امان بگاڑنے کی کوشش کے الزام میں گرفتار کیا تھا اور ہر بار وہ ضمانت پررہا ہونے میں کامیاب رہاتھا۔ضلع ڈپٹی کمشنر کو دی گئی پولیس رپورٹ کے مطابق جینت ایک عادی شرپسند ہے۔ وہ چھوٹے موٹے واقعے کو فرقہ وارانہ رنگ دے کر ہندو نوجوانوں اور عوام کو مسلمانوں کے خلاف بھڑکانے کی کوشش میں پایا گیا ہے۔ خاص کر مرڈیشور میں اس نے کئی بار فساد بھڑکانے کی کوشش کی ہے۔ مرڈیشور میں شمشان تنازعہ میں وہ ہمیشہ اہم کردار ادا کرتا ہے اور جب بھی کسی ہندو کی موت ہوتی ہے تو اس متنازعہ زمین پر انتم سنسکار کرنے کے لئے ہندو نوجوانوں کے ساتھ وہاں پہنچ جاتا ہے اور مسلمانوں کے ساتھ تصادم کا ماحول بناتا ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ جینت کے اس شرپسندانہ کردار کی وجہ سے اس پر مختلف دفعات کے تحت درجنوں مقدمات قائم کیے جاچکے ہیں اور وہ ہر بار ضمانت پر رہا ہوکر باہر آتا ہے اور پھر اپنی عادت کے مطابق پرامن ماحول کو بگاڑنے کی چالیں چلتا رہتا ہے۔خیال رہے کہ پولیس کی اس شکایت اور سفارش کا جائزہ لینے کے بعد ضلع ڈپٹی کمشنر مسٹر نکول نے جینت گووندا نائک کو تڑی پار کرنے کے احکاما ت جاری کردئے تو پولیس نے اسے حراست میں لے کر فی الحال ضلع شمالی کینرا سے باہر بھیج دیا ہے اور تین مہینوں تک ضلع میں اس کے داخلے پر پابندی لگادی ہے۔


Share: